صوبائی کابینہ نے کم عمری کی شادی کی روک تھام کے بل 2024 کی منظوری دے دی ہے
، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
کوئٹہ، ، صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان
بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان صوبائی کابینہ نے کم عمری کی شادی کی روک تھام کے بل 2024 اور گھریلو تشدد کے خاتمے کے ترمیمی بل 2023 کی منظوری دے دی ہے جبکہ خواتین کو قانونی مدد و رہنمائی کے لئے سبی میں ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، بلوچستان بھر میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی جس کی کابینہ نے اصولی منظوری دے دی ہے اپنے ایک بیان میں صوبائی مشیر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے بلوچستان میں سول سوسائٹی اور خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کی طویل جدوجہد رنگ لائی ہے اور بلوچستان کابینہ نے منگل کو منعقد ہونے والے اجلاس میں خواتین سے متعلق تین اہم امور پر فیصلے کئے ہیں جن میں متذکرہ دو بلز اور سبی میں ویمن پولیس اسٹیشن کا قیام شامل ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت خواتین کی بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے دورس اثرات مرتب ہونگے، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے بلوچستان میں خواتین کو معاشی و اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے لئے حکومت اور سول سوسائٹی کے مشترکہ اقدامات اور جدوجہد نہ صرف فیصلہ سازی کے عمل میں روشن مستقبل کی نوید ہیں بلکہ ایس ڈی جیز کے طے شدہ عالمی معاہدات کے عین مطابق ہیں جس کے تحت اقوام متحدہ کا دستخط کنندہ ملک ہونے کی حیثیت سے خواتین کی بہبود کے لئے اقدامات اٹھانا ہماری معاشرتی و اخلاقی ذمہ داری ہے ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے خواتین سے متعلق بلوں کی منظوری پر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور تمام کابینہ اراکین کا شکریہ ادا کیا جن کی حمایت سے عرصہ دراز سے زیر التواء ان اہم مسودہ جات کی منظوری ممکن ہوئی
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں